چین کے صوبے گوئیژو میں ایک چھوٹی بچی کی اپنے دادا دادی کی قبروں سے گہری جذباتی وابستگی نے سوشل میڈیا پر سب کو آبدیدہ کردیا ہے، جہاں اس نے قبروں کے پاس سے جانے سے صاف انکار کردیا اور وہاں رکنے اور سونے کی خواہش ظاہر کی۔
مقامی معلومات کے مطابق واقعہ لیوپانشوئی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک کم عمر بچی اپنے دادا دادی کی قبروں کے قریب بیٹھی اور کافی دیر تک وہیں موجود رہی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بچی کبھی کھڑی ہوتی ہے اور کچھ کھاتی ہے، تاہم والدین کے بار بار کہنے کے باوجود وہ وہاں سے جانے کو تیار نہیں ہوتی۔
بچی کے والد کے مطابق اس کی دادی کا انتقال ستمبر دو ہزار پچیس میں جبکہ دادا کا انتقال مارچ میں ہوا تھا۔ ان دونوں کے انتقال کے بعد بچی شدید جذباتی وابستگی کا شکار ہوگئی اور اکثر اوقات ان کی قبروں پر جانے کی ضد کرتی ہے۔
والد نے بتایا کہ بچی کو بچپن سے دادا دادی نے ہی پالا تھا کیونکہ وہ خود روزگار کے سلسلے میں مصروف رہتے تھے جبکہ والدہ کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ اسی وجہ سے بچی کا اپنے دادا دادی کے ساتھ گہرا رشتہ قائم تھا۔
والد کے مطابق جب بھی بچی کو قبروں پر لے جایا جاتا ہے تو وہ واپس آنے سے انکار کرتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ وہیں رہنا چاہتی ہے۔ اس صورتحال پر والدین جذباتی ہو جاتے ہیں اور آنکھوں سے آنسو بہہ نکلتے ہیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کی بڑی تعداد بچی کے جذبات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے محبت اور معصومیت کی ایک دردناک مثال قرار دے رہی ہے۔