امریکا حالیہ جنگ میں کوئی بھی ہدف حاصل نہ کرسکا، عباس عراقچی

image

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا سپرپاور ہونے کے باوجود حالیہ جنگ میں ایک بھی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

روس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے اب مذاکرات کی بات کی جا رہی ہے جس پر ایران غور کر رہا ہے۔ انہوں نے روس کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کے ساتھ اعلیٰ سطح پر رابطے خوش آئند ہیں اور حالیہ پیش رفت نے دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے سفارتی عمل کے لیے روس کی حمایت کو بھی سراہا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورپی یونین کی پابندیوں کو دوہرے معیار اور منافقت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان پابندیوں کا انسانی حقوق سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ان کا مقصد عام ایرانی شہریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں ایرانی آئل ٹینکروں کو ضبط کرنا بحری قزاقی کے مترادف ہے، اور امریکا کو خطے میں سلامتی کے اصولوں کو خطرے میں ڈالنے پر جواب دہ ہونا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US