امریکا کے شہر ایپلٹن میں ایک باپ کی جانب سے برسوں پہلے کیا گیا وعدہ اس وقت حقیقت بن گیا جب اس نے اپنی بیٹی کی شادی کے موقع پر وہی کاغذی ٹائی پہن کر سب کو حیران کر دیا جو بیٹی نے بچپن میں اپنے ہاتھوں سے بنائی تھی۔
رپورٹس کے مطابق میگن بیکر ٹاؤنز نے صرف پانچ برس کی عمر میں اپنے والد گلین بیکر کے لیے فادرز ڈے پر ایک خوبصورت کاغذی ٹائی تیار کی تھی۔ اس وقت گلین بیکر نے مسکراتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس ٹائی کو ہمیشہ سنبھال کر رکھیں گے اور ایک دن اپنی بیٹی کی شادی پر اسے پہنیں گے۔
وقت گزرتا گیا اور میگن کو لگا کہ شاید وہ ٹائی کہیں کھو چکی ہے، خاص طور پر اس وقت جب گھر کی تبدیلی کے بعد وہ اپنی جگہ پر نظر نہ آئی۔ والد نے بھی یہی تاثر دیا کہ ٹائی گم ہو چکی ہے، جس پر بیٹی نے مایوسی تو محسوس کی مگر معاملہ وہیں ختم ہو گیا۔
شادی کے دن ایک جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب باپ بیٹی کے رقص سے قبل گلین بیکر کچھ دیر کے لیے منظر سے غائب ہوئے اور پھر واپس آئے تو انہوں نے وہی پرانی کاغذی ٹائی پہن رکھی تھی۔ یہ منظر دیکھتے ہی میگن کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے اور وہ حیرت اور خوشی کے ملے جلے جذبات میں ڈوب گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس ٹائی کو محفوظ رکھنے کے لیے اسے خاص طور پر لیمنیشن کیا گیا تھا اور گلین بیکر نے اسے برسوں تک اپنے پاس سنبھال کر رکھا، حتیٰ کہ اسے ایک اوزار کے ڈبے میں چھپا کر رکھا تاکہ بیٹی کو شادی کے دن سرپرائز دیا جا سکے۔
یہ خوبصورت واقعہ نہ صرف باپ بیٹی کے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتا ہے بلکہ اس بات کی بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ چھوٹی چھوٹی یادیں اور وعدے وقت گزرنے کے باوجود اپنی اہمیت نہیں کھوتے۔