سالگرہ کا خطرناک جشن مہنگا پڑ گیا، سڑک کو آگ لگانے والا شخص گرفتار

image

بھارتی شہر ممبئی میں سالگرہ منانے کا ایک انوکھا مگر خطرناک انداز ایک شہری کو مہنگا پڑ گیا، جہاں سڑک کے ایک حصے کو آگ لگا کر جشن منانے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے اپنی سالگرہ کے موقع پر سڑک پر آتش گیر مواد چھڑک کر آگ بھڑکا دی اور اس خطرناک عمل کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے سڑک پر پھیل رہے ہیں جبکہ اردگرد موجود افراد اس غیر ذمہ دارانہ حرکت کو ریکارڈ کر رہے ہیں۔

واقعے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب ایک صحافی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ممبئی پولیس کو ٹیگ کیا، جس کے بعد حکام حرکت میں آئے اور فوری طور پر ملزم کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر اس قسم کی خطرناک سرگرمیاں نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ انسانی جانوں اور املاک کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔

ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کی خاطر اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ وقتی شہرت اور توجہ حاصل کرنے کی کوشش بعض اوقات سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US