امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی 250 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر محدود تعداد میں خصوصی یادگاری پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے جن پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل ہوگی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے پاسپورٹ کے اندرونی سرورق پر صدر ٹرمپ کی تصویر ہوگی جس کے پس منظر میں امریکی آزادی کے اعلان کی تحریر شامل کی گئی ہے جبکہ ان کے دستخط سنہری روشنائی سے درج ہوں گے۔
پاسپورٹ کے بیرونی ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں ملک کا نام زیادہ واضح انداز میں نمایاں کیا گیا ہے اور قومی نشان عقاب کو سنہری رنگ میں پیش کیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق یہ خصوصی پاسپورٹس موسمِ گرما سے دستیاب ہوں گے اور شہریوں سے اس کے لیے اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر یہ صرف واشنگٹن کے پاسپورٹ دفتر سے جاری کیے جائیں گے۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ شہری اس خصوصی ڈیزائن کو لینے یا نہ لینے کا اختیار رکھیں گے یا نہیں۔
امریکی پاسپورٹس میں عموماً قومی علامات، تاریخی واقعات اور قدرتی مناظر شامل کیے جاتے ہیں، جبکہ موجودہ اقدام کو ایک نئی روایت قرار دیا جا رہا ہے۔