امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق چینی طیارہ ساز کمپنی اے وی آئی سی چینگڈو ائیرکرافٹ کارپوریشن کی فروخت میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً دگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کمپنی کی مجموعی آمدن میں 16 فیصد اضافہ ہو کر 11 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ اس کا منافع 6.5 فیصد بڑھا، جو کمپنی کی تاریخ کی بلند ترین سطح قرار دیا جا رہا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق کمپنی کے تیار کردہ جے-10 سنگل انجن ملٹی رول لڑاکا طیاروں نے حالیہ عرصے میں عالمی توجہ حاصل کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران ان طیاروں کے استعمال سے متعلق دعوے کیے گئے، جن میں پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارتی جنگی طیاروں، بشمول رافیل کو مار گرانے کے دعوے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس تنازع کو جدید چینی دفاعی ٹیکنالوجی کے حقیقی جنگی حالات میں ایک اہم تجربہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے بعد چینی ہتھیاروں میں عالمی دلچسپی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بھارت نے اس دوران اپنے طیاروں کے نقصان کو تسلیم کیا ہے، تاہم تباہ ہونے والے طیاروں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔