اسرائیل نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والی گلوبل صمود فلوٹیلا کے گرفتار ارکان کو یونان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ابتدا میں 175 افراد کو اسرائیل منتقل کرنے کی بات کی گئی تھی تاہم بعد ازاں یونانی حکومت کے ساتھ معاہدے کے تحت انہیں چند گھنٹوں میں یونان کے ساحل پر اتارا جائے گا۔
ادھر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بین الاقوامی پانیوں میں فلوٹیلا کو روکے جانے اور امدادی کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام انسانی امداد کی فراہمی میں دانستہ رکاوٹ ہے۔
وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور فلوٹیلا میں شامل تمام رضاکاروں کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی اسپیڈ بوٹس نے فلوٹیلا کی کشتیوں کو گھیرے میں لے کر امدادی کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔