بنگلادیش میں ایک باپ نے غیرمعمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے چلتی ٹرین کے نیچے گرنے والے اپنے کمسن بیٹے کو بچا لیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بنگلادیش کے بھیرب ریلوے جنکشن پر پیش آیا، جہاں ایک مسافر ٹرین پلیٹ فارم نمبر ایک پر داخل ہو رہی تھی۔ اس دوران ایک میاں بیوی اپنے بچے کے ہمراہ ٹرین میں سوار ہونے کے لیے پلیٹ فارم پر موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین میں سوار ہوتے وقت خاتون کا پاؤں اچانک پھسل گیا جس کے باعث وہ بچے سمیت پلیٹ فارم پر گر گئی۔ اسی اثنا میں بچہ اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان موجود خلا میں جا گرا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے کے والد نے فوری ردعمل دیتے ہوئے پٹڑی پر چھلانگ لگا دی، بچے کو اٹھا کر مضبوطی سے تھاما اور خود زمین پر لیٹ گئے۔ اسی دوران ٹرین ان کے انتہائی قریب سے گزر گئی، تاہم دونوں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
ٹرین گزرنے کے بعد بچے کی والدہ روتے ہوئے اپنے شوہر اور بچے کے پاس پہنچی جبکہ موقع پر موجود دیگر افراد بھی خیریت دریافت کرنے کے لیے فوری طور پر ان کے گرد جمع ہو گئے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جہاں صارفین کی بڑی تعداد بچے کے والد کی جرات اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں ہیرو قرار دے رہی ہے۔