ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران سفارتکاری کا راستہ کھلا رکھنے کے لیے تیار ہے تاہم امریکا کو اپنا دھمکی آمیز لہجہ اور توسیع پسندانہ رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عباس عراقچی نے سعودی عرب، قطر، ترکیے، مصر، عراق اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور انہیں امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ واشنگٹن اپنا رویہ بدلے اور باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات میں پاکستان بطور باضابطہ ثالث کردار ادا کر رہا ہے اور اگر مذاکرات کے انعقاد کا فیصلہ ہوا تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔