کنگ چارلس سوم اور! دنیا کی وہ 3 بااثر ترین شخصیات جنہیں سفر کیلئے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں

image

دنیا بھر میں سفر کے لیے پاسپورٹ کو بنیادی دستاویز سمجھا جاتا ہے تاہم عالمی سفارتی روایات میں چند ایسی غیر معمولی شخصیات بھی موجود ہیں جنہیں اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ یہ خصوصی رعایت ان کے غیر معمولی عہدوں اور ریاستی حیثیت کے باعث دی جاتی ہے اور اس فہرست میں صرف تین اہم نام شامل ہیں۔

سوشل میڈیا رپورٹ کے مطابق سب سے پہلے برطانیہ کے فرمانروا کنگ چارلس سوم ہیں جنہیں کسی بھی ملک کے سفر کے لیے پاسپورٹ درکار نہیں ہوتا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ برطانیہ میں جاری ہونے والے تمام پاسپورٹس بادشاہ کے نام سے جاری کیے جاتے ہیں، یعنی وہ خود اس اختیار کا منبع ہوتے ہیں۔

یہی سبب ہے کہ انہیں اپنی ہی منظوری سے جاری ہونے والی دستاویز رکھنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ یہ رعایت صرف موجودہ بادشاہ تک محدود ہے جبکہ شاہی خاندان کے دیگر افراد باقاعدہ سفارتی پاسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔

اسی طرح جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو بھی اس منفرد استحقاق کے حامل ہیں۔ جاپان میں شہنشاہ کو ریاست کی علامت تصور کیا جاتا ہے، اس لیے انہیں عام شہریوں کی طرح سفری دستاویزات کا پابند بنانا مناسب نہیں سمجھا جاتا۔ ان کے بیرون ملک دورے پہلے سے طے شدہ سفارتی انتظامات کے تحت انجام پاتے ہیں۔

تیسری شخصیت جاپان کی ملکہ ماساکو ہیں، جو شہنشاہ کی شریکِ حیات ہونے کے باعث اسی شاہی پروٹوکول کی مستحق قرار دی جاتی ہیں۔ ان کے تمام غیر ملکی دورے بھی مکمل سفارتی منصوبہ بندی کے تحت انجام دیے جاتے ہیں جس کے باعث انہیں بھی پاسپورٹ رکھنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ عام تاثر کے برعکس امریکا کے صدر کو یہ استثنا حاصل نہیں۔ امریکی صدر کے پاس ایک خصوصی سفارتی پاسپورٹ موجود ہوتا ہے جس کے ذریعے وہ بین الاقوامی سفر کرتے ہیں اور انہیں دیگر عالمی رہنماؤں کی طرح سفری دستاویزات کی پابندی کرنا پڑتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US