نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، کشیدگی اور امن کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ایران کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے یہ اقدامات اہم ہیں۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ مسائل کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
گفتگو میں دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے اور سفارتی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔