عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ آپریشن پروجیکٹ فریڈم کے آغاز سے متعلق امریکی صدر کے اعلان کو قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت ایک فیصد کمی کے بعد 100 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جبکہ برطانوی برینٹ کروڈ بھی کمی کے بعد 107 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ ایران، مشرقِ وسطیٰ اور امریکا کے مفاد میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے غیرجانبدار ممالک کے جہازوں کی آمدورفت بحال کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام “پروجیکٹ فریڈم” کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سمندری تجارت کو محفوظ بنانا ہے۔
اعلان کے مطابق امریکی بحریہ علاقے کے قریب موجود رہے گی تاہم تجارتی جہازوں کو براہ راست جنگی بحری حصار میں نہیں نکالا جائے گا بلکہ انہیں صرف رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
ادھر اوپیک پلس ممالک نے بھی تیل کی پیداوار بڑھانے کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق آئندہ ماہ سے کیا جائے گا، اور اس فیصلے کو بھی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔