پاسدارانِ انقلاب نے ایرانی فوج کے زیرِ کنٹرول آبنائے ہرمز کا نیا نقشہ جاری کردیا

image

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے متعلق ایک نیا نقشہ جاری کیا ہے، جسے خطے کی موجودہ صورتحال میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اس نقشے میں خاص طور پر آبنائے کے جنوبی حصے میں ایران کے کوہِ مبارک اور متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ کے درمیان ایک حد نما لکیر واضح کی گئی ہے، جس نے اس گزرگاہ کی حساسیت کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

اس اقدام سے پہلے ایرانی حکام کی جانب سے تمام تجارتی جہازوں اور تیل بردار بحری جہازوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اس راستے سے گزرتے وقت ایرانی فورسز کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ اس کے ساتھ ہی امریکی بحریہ کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس علاقے کے قریب آنے سے گریز کرے۔

ایرانی فوج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز سے وابستہ ایک سینئر افسر نے بیان میں کہا ہے کہ ایران اس اہم سمندری راستے پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ملک کے کسی بھی حصے کو درپیش چیلنج کا جواب سخت انداز میں دیا جائے گا۔

اس سے قبل ایران کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ ابراہیم عزیزی بھی واضح کرچکے ہیں کہ اگر اس علاقے میں امریکی مداخلت ہوئی تو اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔

موجودہ حالات میں یہ بیانات اور اقدامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آبنائے ہرمز ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنتی جا رہی ہے، جہاں ہر پیش رفت کو سنجیدگی سے دیکھا جارہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US