ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث ایشیائی معیشت پر منفی اثرات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے۔
ازبکستان کے شہر سمرقند میں منعقدہ اے ڈی بی کے سالانہ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ خطے کی معاشی شرح نمو کم ہو کر 4.7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مہنگائی بڑھ کر 5.2 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
اس موقع پر اے ڈی بی کے صدر نے علاقائی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا اور پیسفک ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔
انہوں نے زور دیا کہ سرحد پار روابط کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ توانائی اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر اے ڈی بی کی خاص توجہ مرکوز ہے۔
اے ڈی بی کے صدر نے مزید کہا کہ 70 ارب ڈالر کا پروگرام علاقائی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور خطے کی معیشت کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔