پاکستان کی کوششوں کے باعث امریکا سے بات چیت میں پیش رفت ہو رہی ہے، ایرانی وزیر خارجہ

image

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں رونما ہونے والے واقعات نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی سیاسی تنازعے کا حل طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں۔ ان کے مطابق موجودہ کشیدگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مسائل کا پائیدار حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا کے ساتھ بات چیت میں کچھ پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے جو ایک مثبت اشارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں فریقین کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

عباس عراقچی نے امریکا کو خبردار کیا کہ وہ ان عناصر سے ہوشیار رہے جو اسے دوبارہ کسی پیچیدہ صورتحال میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے متحدہ عرب امارات کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تاکہ خطے میں مزید کشیدگی نہ بڑھے۔

انہوں نے امریکی منصوبے پروجیکٹ فریڈم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ درحقیقت کسی پیش رفت کے بجائے تعطل کا سبب بن رہا ہے اور اس طرح کے اقدامات مسائل کے حل کے بجائے انہیں مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US