سعودی عرب کا خطے میں کشیدگی پر اظہار تشویش، فریقین سے تحمل کی اپیل

image

سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی لائیں۔

جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تمام کوششیں اس سمت میں ہونی چاہئیں کہ خطے کو مزید عدم استحکام اور کشیدگی سے بچایا جاسکے۔

اجلاس میں آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، جسے عالمی تجارت کے لیے ایک نہایت حساس اور اہم راستہ قرار دیا گیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان کے کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنازع کے حل کے لیے ایسا سیاسی راستہ اپنایا جائے جو خطے میں امن و استحکام کو فروغ دے۔

مزید برآں کابینہ اجلاس میں سعودی وزارت انصاف اور پاکستان کی وزارت قانون کے درمیان تعاون سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی، جسے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US