میں نے اسلام کو نہیں چُنا، اللہ نے مجھے چُنا، لندن پولیس افسر کا اسلام قبول کرنے کا دعویٰ

image

لندن میں تعینات ایک پولیس افسر پال ریڈنگ کے اسلام قبول کرنے کی خبر سامنے آئی ہے، جس نے سوشل میڈیا اور کمیونٹی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ انہوں نے مقامی مسلم کمیونٹی کے ساتھ طویل عرصے تک قریبی روابط کے بعد کیا۔

غیر ملکی میڈیا اور مختلف کمیونٹی پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی معلومات کے مطابق لندن پولیس کے افسر پال ریڈنگ نے اپنی ملازمت کے دوران مسلم کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے کے نتیجے میں اسلام قبول کیا۔

ذرائع کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران ریڈنگ کو مختلف کمیونٹی تقریبات میں شرکت، مقامی مسائل کے حل اور مختلف طبقات کے درمیان اعتماد سازی جیسے امور انجام دینا پڑتے تھے، جن میں مسلم کمیونٹی بھی شامل تھی۔ اس دوران انہیں اسلامی روایات، مذہبی اقدار اور عبادات کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے ذاتی طور پر اسلامی تعلیمات کا مطالعہ شروع کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے قرآنِ مجید پڑھا اور مسلم کمیونٹی کے افراد سے مختلف موضوعات پر گفتگو بھی کی تاکہ مذہب کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔

ذرائع کے مطابق یہ دلچسپی بتدریج یقین میں تبدیل ہوئی، جس کے بعد انہوں نے اسلام قبول کر لیا۔ پال ریڈنگ کا ایک بیان بھی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے جس میں انہوں نے کہا، “میں نے اسلام کو نہیں چُنا، اللہ نے مجھے چُنا”۔

مقامی مسلم کمیونٹی کے افراد نے ان کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے مختلف برادریوں کے درمیان براہِ راست رابطے، مکالمے اور باہمی احترام کی ایک مثبت مثال قرار دیا ہے۔

اس پیش رفت پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کئی افراد نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی انگیجمنٹ، مکالمہ اور ذاتی جستجو انسان کے نظریات اور عقائد کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US