بجلی سبسڈی نظام میں تبدیلی، 200 یونٹس تک رعایت ختم کرنے کا فیصلہ

image

پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بجلی سبسڈی کے موجودہ نظام میں بڑی تبدیلی کی تحریری یقین دہانی کرا دی جس کے تحت 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے دی جانے والی عمومی سبسڈی جنوری 2027 سے ختم کر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ 8 ماہ میں نیا ہدفی (ٹارگٹڈ) سبسڈی نظام متعارف کرائے گی جس کے تحت صرف مستحق صارفین کو رعایت فراہم کی جائے گی۔ یہ سبسڈی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری (این ایس ای آر) کے ڈیٹا کی بنیاد پر دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے متعدد میٹرز لگا کر سبسڈی حاصل کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی اور سبسڈی کے غلط استعمال کو روکا جا سکے گا۔ اس مقصد کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے نیا میکنزم تیار کیا جا رہا ہے جبکہ ادائیگیوں کیلئے بیرونی فرم کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

دوسری جانب حکومت پنجاب کے ای آبیانہ نظام کو آئندہ مالی سال میں سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان تک توسیع دینے پر بھی غور کر رہی ہے جبکہ آبپاشی کے پانی کے نرخوں میں اصلاحات پر کام جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے تحت 20 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط حاصل کرنے کے قریب ہے جس کی منظوری کے لیے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 مئی 2026 کو واشنگٹن میں ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US