نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جب قوم متحد ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی جبکہ معرکہ حق میں قومی اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر اپنے ویڈیو بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ دن جرات، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا متوازن اور مؤثر جواب دیتے ہوئے مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے اور قومی سلامتی کو لاحق ہر خطرے کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔