سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں دنیا سے کوچ کر گئے

image

دنیا بھر میں 24 گھنٹے خبروں کی نشریات کا تصور متعارف کرانے والے اور عالمی میڈیا انڈسٹری کی نمایاں شخصیت ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر بین الاقوامی میڈیا اداروں، صحافیوں اور سیاسی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جدید نشریاتی صحافت کے اہم ترین معماروں میں شمار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیڈ ٹرنر کی قائم کردہ عالمی خبر رساں تنظیم سی این این نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیلی ویژن صحافت کو ایک نئی سمت دی۔

ٹیڈ ٹرنر نے 1980 میں سی این این کی بنیاد رکھی تھی جو دنیا کا پہلا ایسا نیوز چینل تھا جو چوبیس گھنٹے مسلسل خبریں نشر کرتا تھا۔ ابتدائی برسوں میں ان کے اس تصور کو غیر سنجیدہ قرار دیا گیا اور ناقدین کی جانب سے مختلف طنزیہ تبصرے بھی کیے گئے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہی ادارہ عالمی خبروں کا ایک بااثر پلیٹ فارم بن گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹیڈ ٹرنر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نشریاتی دنیا کی نمایاں ترین شخصیات میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیڈ ٹرنر ہمیشہ اپنے مؤقف پر ڈٹ کر کھڑے رہنے والے انسان تھے۔

سی این این کے موجودہ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو مارک تھامسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیڈ ٹرنر غیر معمولی وژن رکھنے والے رہنما تھے۔ ان کے مطابق آج سی این این جس مقام پر کھڑا ہے اس کی بنیاد ٹیڈ ٹرنر کی جرات، اعتماد اور منفرد سوچ نے رکھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US