وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور عازمین حج سمیت دیگر مسافروں کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت قائم سعودی امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات بھی کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے ذریعے عازمین حج کو پاکستان ہی میں امیگریشن کی تیز اور آسان سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
عازمین حج نے ایئرپورٹ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سہولتوں کو مؤثر اور تیز رفتار قرار دیا۔
محسن نقوی نے امیگریشن اور سیکیورٹی نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور جوائنٹ سرچ چیک پوسٹ پر نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو بلا تاخیر سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔