پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) نے خیرپور میں واقع ساؤتھ گمبٹ بلاک کے 'فیض ون' کنویں سے تیل اور گیس کی باقاعدہ پیداوار شروع کردی ہے۔
یہ کنواں 12 سال قبل 2014 میں کھودا گیا تھا، تاہم انفراسٹرکچر اور گیس نیٹ ورک کی عدم دستیابی کے باعث اس سے پیداوار کا آغاز نہیں ہوسکا تھا۔
پی پی ایل نے اس اہم پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کنویں کو گیس کے قومی نیٹ ورک اور کمرشل آپریشنز سے منسلک کرنے کے لیے 4.5 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔
اس کنویں سے یومیہ 36 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 750 بیرل خام تیل حاصل ہوگا، جس سے ملک میں توانائی کی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی۔