آسٹریلیا نے کالعدم بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا، پابندیوں کا اعلان

image

آسٹریلیا نے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے پر کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے تین سینئر رہنماؤں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

آسٹریلوی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ تنظیم پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں، اہم تنصیبات اور ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث ہے، جس کے پیش نظر اسے اور اس کے ذیلی 'مجید بریگیڈ' کو دہشت گرد گروپ قرار دیا گیا ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ان پابندیوں کا بنیادی مقصد دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنا ہے تاکہ ان کے لیے نئی بھرتیاں کرنا اور انتہا پسند نظریات پھیلانا مشکل ہوسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف آسٹریلیا کا عزم غیر متزلزل ہے اور وہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا جو عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

نئے قانون کے تحت، پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد یا تنظیم کے ساتھ مالی لین دین یا انہیں وسائل فراہم کرنا سنگین جرم تصور ہوگا، جس کی سزا 10 سال قید اور بھاری جرمانہ مقرر کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US