اسپین میں جہاز سے ایک ارب ڈالر مالیت کی 30 ٹن کوکین برآمد

image

اسپین کی پولیس نے کینری جزائر کے قریب ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بحری جہاز سے 30 ٹن کوکین برآمد کرلی ہے، جسے یورپی تاریخ میں منشیات کی سب سے بڑی کھیپ قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کوکین کی مالیت تقریباً 956 ملین امریکی ڈالر (ایک ارب ڈالر کے قریب) بتائی گئی ہے۔

اسپین کی ہائی کورٹ کے مطابق یکم مئی کو کومورو جزائر کے پرچم بردار جہاز ’Arconian‘ کو روکا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 23 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شدگان میں فلپائن، نیدرلینڈز اور سرینام کے باشندے شامل ہیں۔ تلاشی کے دوران جہاز سے منشیات کے علاوہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

یہ آپریشن امریکی اور ڈچ حکام کے تعاون سے انجام دیا گیا کیونکہ تفتیش کاروں کو شبہ تھا کہ یہ منشیات چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اسپین کے مرکزی علاقوں میں اسمگل کی جانی تھی۔

واضح رہے کہ یہ برآمدگی جون 2024 میں جرمنی سے ملنے والی 25 ٹن کوکین اور اسپین کے گزشتہ 13 ٹن کے ریکارڈ سے کہیں زیادہ بڑی کارروائی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US