امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی سیٹلائٹ تصاویر پر مبنی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز جزیرہ خارگ کے قریب ساحلی علاقے میں تیل کے اخراج کے آثار دیکھے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جزیرہ خارگ کے ساحل کے قریب تیل پھیلتا ہوا نظر آیا ہے، تاہم اس لیکج کی فوری وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
تیل کے اخراج پر نظر رکھنے والے ادارے Orbital EOS کے مطابق تیل کا پھیلاؤ تقریباً 52 مربع کلومیٹر کے رقبے تک بڑھ چکا ہے اور یہ سعودی عرب کے سمندری حدود کی سمت بھی بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔
جزیرہ خارگ ایران کا سب سے بڑا تیل برآمدی ٹرمینل ہے، جہاں آئل پائپ لائنز، اسٹوریج ٹینکس اور دیگر اہم تیل انفراسٹرکچر موجود ہے۔