امتحانات کے نتائج آنے کے بعد بہن بھائی کے مختلف ردعمل کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں 90 فیصد نمبر لینے والی لڑکی کو افسردہ جبکہ 60 فیصد نمبر حاصل کرنے والے لڑکے کو خوشی سے مٹھائی بانٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دو بہن بھائیوں کے امتحانی نتائج سامنے آنے کے بعد ان کا دلچسپ ردعمل صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ویڈیو گھر میں موجود ایک خاتون کی جانب سے بنائی گئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی 90 فیصد نمبر لینے کے باوجود افسردہ ہوکر رو رہی ہے۔
دوسری جانب اس کا بھائی 60 فیصد نمبر حاصل کرنے پر خوشی سے نہ صرف مسکرا رہا ہے بلکہ مٹھائی بھی بانٹتا نظر آرہا ہے۔
ویڈیو میں خاتون کی جانب سے لڑکے سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ خوش ہے، جس پر لڑکا مسکراتے ہوئے خوشی کا اظہار کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی افراد نے بہن بھائی کے ردعمل کو تعلیمی دباؤ اور مختلف ذہنی کیفیتوں سے بھی جوڑا ہے۔