ٹیک آف کے دوران مسافر طیارہ رن وے پر موجود شخص سے ٹکرا گیا، انجن میں آگ لگ گئی

image

امریکی ریاست کولوراڈو کے ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فرنٹیئر ایئرلائنز کے مسافر طیارے کو ٹیک آف کے دوران خوفناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا، جہاں رن وے پر موجود ایک شخص طیارے کی زد میں آگیا جس کے بعد انجن میں آگ بھڑک اٹھی اور ہنگامی انخلا کرنا پڑا۔ واقعے کے بعد سامنے آنے والی کاک پٹ آڈیو نے حادثے کی سنگینی مزید واضح کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرنٹیئر ایئرلائنز کی پرواز 4345 لاس اینجلس جارہی تھی اور اس میں 224 مسافر جبکہ عملے کے 7 ارکان سوار تھے۔ حادثہ جمعہ کی شب تقریباً 11 بج کر 19 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایک شخص حفاظتی باڑ عبور کرکے فعال رن وے تک پہنچ گیا۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ ٹیک آف کے لیے رفتار پکڑ چکا تھا کہ اچانک وہ شخص اس کی زد میں آگیا۔ تصادم کے فوراً بعد ایئربس A321neo طیارے کے انجن میں شدید آگ لگ گئی، جس پر پائلٹس نے فوری طور پر ٹیک آف روک دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایئر ٹریفک کنٹرول آڈیو میں پائلٹ کو کہتے سنا جاسکتا ہے، ٹاور، فرنٹیئر 4345، ہم رن وے پر رک رہے ہیں، ہم نے کسی کو ٹکر مار دی ہے، انجن میں آگ لگ گئی ہے۔‘

بعد ازاں ریڈیو پیغامات میں ایک اہلکار نے بتایا، رن وے پر انسانی اعضا موجود ہیں، لگتا ہے طیارہ کسی شخص سے ٹکرایا ہے۔

حادثے کے بعد طیارے کے اندر دھواں بھر گیا جس کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک مسافر نے امریکی اخبار کو بتایا کہ جب انجن پھٹا تو ایسا محسوس ہوا جیسے سب کی جان خطرے میں پڑ گئی ہو۔ اس کے مطابق طیارے میں چیخ و پکار مچ گئی، بچے رونے لگے اور دھواں تیزی سے پھیلنے لگا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے انجن سے شعلے نکلتے دیکھے جبکہ کئی مسافروں نے واقعے کو نہایت خوفناک اور ذہنی صدمے کا باعث قرار دیا۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق تصادم کے وقت طیارے کی رفتار تقریباً 139 میل فی گھنٹہ تھی۔ حادثے کے بعد مسافروں کو ہنگامی پھسلنے والی سلائیڈز کے ذریعے باہر نکالا گیا۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص ایئرپورٹ کا ملازم نہیں تھا۔ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ مذکورہ شخص نے جان بوجھ کر حفاظتی باڑ عبور کرکے رن وے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مطابق ابتدائی معائنے میں حفاظتی باڑ میں کسی قسم کے شگاف یا نقصان کے آثار نہیں ملے، تاہم متعلقہ رن وے کو تحقیقات مکمل ہونے تک بند کردیا گیا ہے۔

حادثے کے دوران ہنگامی انخلا میں 12 مسافر معمولی زخمی ہوئے جبکہ 5 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں بیشتر مسافروں کو واپس ٹرمینل پہنچا دیا گیا اور ان کے لیے متبادل پرواز کا انتظام کیا گیا۔

فرنٹیئر ایئرلائنز نے کہا ہے کہ وہ ایئرپورٹ حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بھی حادثے کی باضابطہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US