اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں، تازہ حملوں میں مزید 24 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔
لبنانی حکام کے مطابق جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں میں جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں کے علاوہ بیروت کے قریب ایک اہم شاہراہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان تین ہفتے قبل ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ حملے اب تک کی شدید ترین کارروائیوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 9 دیہات خالی کرنے کی وارننگ بھی جاری کر دی ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے مسلسل حملوں کے جواب میں شمالی اسرائیل میں فوجی اہداف کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث ایک بار پھر وسیع پیمانے پر تصادم کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔