روس نے اپنے جدید ترین بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سرمت کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے جسے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دنیا کا سب سے طاقتور جوہری میزائل قرار دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی اسٹریٹیجک میزائل فورسز کے کمانڈر سرگئی کاراکائیف نے صدر پیوٹن کو میزائل کے کامیاب تجربے پر بریفنگ دی۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ روس رواں سال کے اختتام تک سرمت میزائل کو باضابطہ طور پر فوجی سروس میں شامل کر لے گا۔ ان کے مطابق یہ جدید میزائل ہزاروں میل دور امریکا اور یورپ میں اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
روسی ٹی وی پر نشر بیان میں پیوٹن نے دعویٰ کیا کہ سرمت میزائل کے وارہیڈ کی طاقت مغربی ممالک کے کسی بھی مساوی نظام سے چار گنا زیادہ ہے، جبکہ اس کی رینج 35 ہزار کلومیٹر سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ یہ میزائل جدید ترین میزائل دفاعی نظاموں کو بھی چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے روس کی دفاعی طاقت مزید مضبوط ہوگی۔