ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے اعلیٰ عہدیدار کیپٹن سعید سیہ سرانی نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے کوئی بھی آئل ٹینکر ایران کی اجازت کے بغیر نہیں گزر سکتا اور ضرورت پڑنے پر یہ آبی گزرگاہ امریکی افواج کے لیے قبرستان بن سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی فوج کو خطے پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور اگر عوام و حکام کی جانب سے حکم دیا گیا تو ایران آبنائے ہرمز سے ایک لیٹر تیل بھی اپنی اجازت کے بغیر گزرنے نہیں دے گا۔
کیپٹن سیہ سرانی نے مزید کہا کہ اگرچہ تاحال مکمل بحری جنگ کا آغاز نہیں ہوا، تاہم ایران نے اسٹریٹجک آبی گزرگاہ پر ’اسمارٹ ناکہ بندی‘ نافذ کر رکھی ہے اور وہ کسی بھی غیر روایتی جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فورسز ہر طرح کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔