بھارت: تربوز کھانے سے 12 سالہ لڑکا چل بسا

image

بھارت میں تربوز کھانے کے بعد فوڈ پوائزننگ کے ایک اور افسوسناک واقعے نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع جنجگیر چامپا میں 12 سالہ لڑکا جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک ہی خاندان کے 3 دیگر بچوں کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع جنجگیر چامپا کے گاؤں دھورکوٹ میں پیش آیا جہاں 12 سالہ اکھلیش دھیور ہلاک ہو گیا۔

اہلِ خانہ کے مطابق اتوار کی شام چاروں بچوں نے تربوز کھایا تھا، جس کے بعد رات گئے چکن کا کھانا بھی کھایا گیا۔ پیر کی صبح چند گھنٹوں کے اندر تمام بچوں کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق اکھلیش دھیور کو پیٹ میں شدید درد، قے اور متعدد بار اسہال کی شکایت ہوئی۔ گھر والے ابتدا میں بچے کا علاج گھر پر ہی کرتے رہے، تاہم اگلی صبح اس کی حالت مزید خراب ہو گئی۔

اہلِ خانہ نے بچے کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس طلب کی، لیکن اکھلیش راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

دیگر تین بچوں بھوپیندر دھیور، ہیمیش دھیور اور شری دھیور کو جنجگیر کے ضلعی اسپتال منتقل کر کے علاج کے لیے داخل کر لیا گیا ہے۔

ضلعی اسپتال میں تعینات ڈاکٹر اقبال حسین نے تصدیق کی کہ اکھلیش کو اسپتال لایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ڈاکٹر کے مطابق دیگر تینوں بچوں کی حالت اس وقت مستحکم ہے اور انہیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر اقبال حسین کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچے کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ موت کی اصل وجہ رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔

یہ واقعہ دو ہفتے قبل ممبئی میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں تربوز کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

طبی ماہرین کے مطابق تربوز جیسے پھل بذاتِ خود خطرناک نہیں ہوتے، تاہم ان پر استعمال ہونے والی کیڑے مار ادویات یا مصنوعی طریقے سے پکانے کے عمل کے باعث زہریلے اثرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

مقامی انتظامیہ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ فوڈ پوائزننگ کی وجہ جنجگیر مارکیٹ سے خریدے گئے پھل تھے یا بعد میں کھایا جانے والا چکن۔ حکام کے مطابق واقعے کی مکمل وجوہ جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US