فرانسیسی صدر میکرون ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی سے متعلق خبروں کے باعث زیرِ بحث ہیں ایک نئی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2025 میں طیارے کے اندر ان کی اہلیہ کے ساتھ ہونے والی تلخ بحث کی وجہ مبینہ طور پر ایسے پیغامات تھے جو انہوں نے ایرانی اداکارہ کو بھیجے تھے۔
فرانسیسی صحافی فلورین تاردیف کی کتاب کے مطابق بریجیٹ میکرون نے صدر کے موبائل فون پر ایسے پیغامات دیکھے جن میں ایرانی اداکارہ گل شفتے فرحانی کی تعریف کی گئی تھی جس کے بعد دونوں کے درمیان طیارے میں سخت بحث ہوئی۔
کتاب میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر میکرون اور اداکارہ کے درمیان کئی ماہ تک رابطہ رہا تاہم اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب فرانسیسی خاتون اول کے نمائندے نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بریجیٹ میکرون اپنے شوہر کا فون چیک نہیں کرتیں جبکہ اداکارہ نے بھی صدر سے کسی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت دوبارہ توجہ میں آیا جب گزشتہ سال ویتنام میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں طیارے کے دروازے پر دونوں کے درمیان تلخ لمحے دیکھے گئے تھے تاہم صدر میکرون نے اسے محض مذاق قرار دیا تھا۔