امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی نمایاں طور پر پڑا ہے، جہاں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کئی ممالک کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 48 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ امریکا اور ویتنام میں ڈیزل کی قیمتیں 45 فیصد بڑھیں۔ اسی طرح فلپائن میں 43 فیصد، سری لنکا میں 42 فیصد اور آسٹریلیا میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں ڈیزل کی قیمتوں میں 34 فیصد، گھانا میں 21 فیصد اور بنگلا دیش میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً ڈھائی ماہ کے عرصے کے دوران میانمار میں ڈیزل کی قیمتوں میں 113 فیصد، نیوزی لینڈ میں 88 فیصد، متحدہ عرب امارات میں 72 فیصد اور ملائیشیا میں 68 فیصد اضافہ ہوا۔ سنگاپور میں یہ اضافہ 62 فیصد جبکہ کمبوڈیا میں 51 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمتوں میں بھی پاکستان میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں اسی مدت کے دوران پیٹرول 56 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے برعکس بھارت میں پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سنگاپور میں پیٹرول کی قیمتوں میں 11 فیصد، آسٹریلیا میں 16 فیصد، گھانا اور بنگلا دیش میں 17 فیصد، ویتنام میں 18 فیصد جبکہ برطانیہ میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔