چاند نظر آگیا، عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی

image

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں ذی الحج 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔

ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا، جس کی سربراہی چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اراکین کے ساتھ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔

دوسری جانب اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے الگ الگ اجلاس بھی منعقد کیے گئے، جہاں مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی معتبر شہادتیں موصول ہوئیں، جن کی بنیاد پر یکم ذی الحج پیر کے روز ہوگی جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ادا کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں دو اراکین کی جانب سے چاند دیکھنے کی شہادت پیش کی گئی، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی تین شہادتیں موصول ہوئیں۔ زونل کمیٹی کے ایک رکن نے بتایا کہ مردان سے محمد اور احمد نامی دو افراد نے چاند دیکھنے کی تصدیق کی، جبکہ پشاور سے بھی ایک گواہی موصول ہوئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US