ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک قدیم درخت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایران کی تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی جڑوں کو اجاگر کرنے والا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
ایرانی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ساڑھے چار ہزار سال پرانا یہ درخت ایشیا کے قدیم ترین جانداروں میں شمار ہوتا ہے اور ایران کی عظیم تہذیب و مضبوط تاریخی ورثے کی علامت ہے۔
صدر پزشکیان کے مطابق ایران اپنی سرزمین میں گہری جڑیں رکھتا ہے اور اس کی بنیادیں اس قدر مضبوط ہیں کہ انہیں کوئی اکھاڑ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدیم درخت صرف قدرتی ورثہ نہیں بلکہ ایرانی قوم کی تاریخ، استقامت اور تہذیبی تسلسل کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔
ایرانی صدر کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر وسیع توجہ حاصل ہوئی، جہاں صارفین نے اسے ایران کی قومی شناخت اور ثقافتی استحکام کی علامت قرار دیا۔
ادھر شی جن پنگ کی جانب سے بھی ماضی میں ایک باغ کے صدیوں پرانے درختوں کا ذکر کیا گیا تھا، جہاں بعض درخت ایک ہزار سال سے زائد قدامت رکھتے ہیں۔