سندھ کے 9 اضلاع کی 13 مختلف لوکل کونسلز کی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل پُر امن ماحول میں جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
حیدرآباد، جامشورو، دادو، سکھر، گھوٹکی، سانگھڑ، نوشہروفیروز، میرپورخاص اور جیکب آباد کے اضلاع میں ہونے والے ان انتخابات کے لیے متعلقہ حلقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں پر خواتین سمیت ووٹرز کی کثیر تعداد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے موجود ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے متعلقہ حکام کو صاف، شفاف اور پُر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔