راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کے تقریباً 200 ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے پوٹھوہار میٹرو بس اسٹیشن پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث میٹرو بس سروس معطل ہو گئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاجی مظاہرے میں خواتین ملازمین بھی شریک ہوئیں، جبکہ مظاہرین میٹرو بس روٹ پر آ گئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ میٹرو بس انتظامیہ نے 150 سے 200 ملازمین کو بغیر کسی پیشگی نوٹس کے ملازمتوں سے فارغ کر دیا۔ ان کے مطابق برطرفیوں کا سلسلہ یکم مئی سے شروع ہوا جو تاحال جاری ہے۔
احتجاج کرنے والے ملازمین نے الزام عائد کیا کہ برطرف کیے گئے ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں، جبکہ ان کا کنٹریکٹ 2027 تک موجود ہے۔
مظاہرین کے مطابق میٹرو بس سروس کا ٹھیکہ ایک نئی کمپنی کو دیا گیا ہے، جس نے پرانے ملازمین کو مختلف حیلوں بہانوں سے فارغ کر کے نئے افراد کو بھرتی کر لیا، جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
برطرف ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ آٹھ سے دس برس سے میٹرو بس سروس میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور موجودہ مہنگائی اور بے روزگاری کے دور میں انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین نے مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر برطرف ملازمین کو بحال کرنے کے احکامات جاری کریں۔