وزیراعظم کی زیر صدارت ترقیاتی بجٹ اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے پیسے کو صرف ایسے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے جن کے نتائج واضح اور یقینی ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے ماڈل کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجراء اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی پذیرائی پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر ریلوے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاور سیکٹر کی کارکردگی کو بھی مثبت قرار دیا گیا۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے قومی منصوبوں، بشمول داسو، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز، پر پیش رفت جاری ہے۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، درکار فنڈز اور مجموعی حکمت عملی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، حنیف عباسی، سردار اویس احمد خان لغاری، میاں محمد معین وٹو، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US