امدادی سامان فلسطین لے جانے پر اسرائیلی فوج کے ہاتھوں سعد ایدھی زیر حراست

image

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی کو فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والے بین الاقوامی مشن کے دوران اسرائیلی فوج نے دیگر عالمی رضاکاروں کے ہمراہ حراست میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق سعد ایدھی گلوبل صمود فلوٹیلا نامی عالمی امدادی مشن کا حصہ تھے، جس کا مقصد غزہ میں محصور فلسطینیوں تک انسانی بنیادوں پر امداد پہنچانا تھا۔ اس مشن میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد امدادی کارکن شریک تھے۔

رپورٹس کے مطابق امدادی قافلہ 14 مئی 2026 کو ترکیہ کے شہر مارماریس سے روانہ ہوا تھا۔ مشن کے شرکا فلسطینی عوام کے لیے خوراک، طبی سامان اور دیگر ضروری امدادی اشیا غزہ پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی سے چند لمحے قبل سعد ایدھی نے ایک ہنگامی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں مبینہ طور پر اسرائیلی فوج کو امدادی مشن کے خلاف کارروائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن اور عالمی رضاکاروں کی جانب سے امداد کی فراہمی کی اس کوشش کو اسرائیلی فورسز نے روک دیا اور متعدد کارکنان کو تحویل میں لے لیا۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے اور کئی صارفین نے انسانی امدادی مشن کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US