190 ملین پاؤنڈ کیس: دلائل کے لیے آخری مہلت کے حکم پر وکیل صفائی کا اعتراض

image

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عدالت کی جانب سے دلائل کے لیے آخری مہلت دیے جانے کے حکم پر اعتراض اٹھا دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وکیل سلمان صفدر نے عدالت کے فیصلے کے خلاف دو متفرق درخواستیں دائر کردیں۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیس کے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری مہلت دینے کا حکم سخت، غیر منصفانہ اور بلاجواز ہے۔ وکیل کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 19 مارچ 2025 سے 30 اپریل 2026 تک کبھی التوا کی درخواست نہیں دی گئی، جبکہ 7 مئی کو پہلی مرتبہ ایک حقیقی وجہ کی بنیاد پر مہلت طلب کی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی 30 اپریل کے عدالتی فیصلے سے متاثرہ فریق ہیں اور انہیں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔

سلمان صفدر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جیل سپریٹنڈنٹ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہا، جبکہ سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لیے وکالت ناموں پر دستخط بھی نہیں کروائے جا رہے۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جیل حکام کو ملاقات کرانے اور وکالت ناموں پر دستخط کروا کر فراہم کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US