آئی ایم ایف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانے والی مالی معاونت میں 5 ہزار 500 روپے اضافے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہ ماہی رقم 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس حوالے سے آئی ایم ایف مشن اور بی آئی ایس پی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جبکہ مشن کو پروگرام کے مختلف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔
مذاکرات کے دوران بی آئی ایس پی کے سوشل پروٹیکشن نظام کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ خاندانوں کے ڈیٹا، نئے خاندانوں کی رجسٹریشن، سہ ماہی ادائیگیوں اور آئندہ مالی سال کی مالی ضروریات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کفالت پروگرام کی سہ ماہی رقم میں اضافے کا امکان ہے۔ آج آئی ایم ایف مشن کی مجموعی طور پر چار ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں ایک ملاقات بی آئی ایس پی اور تین ملاقاتیں فیڈرل بورڈ ریونیو حکام کے ساتھ ہوں گی۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے سیلز ٹیکس میں دی گئی تمام اقسام کی چھوٹ ختم کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا ہے۔