سپریم کورٹ آف پاکستان میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طبی بنیادوں پر فوری علاج اور اسپتال منتقلی کے لیے درخواست دائر کردی گئی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیش نظر ان کا فوری طبی معائنہ ضروری ہے جبکہ اس مقصد کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ درخواست میں تجویز دی گئی ہے کہ میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر خرم، ڈاکٹر آصف، ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر ثمینہ کو شامل کیا جائے تاکہ جامع طبی جائزہ لیا جاسکے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 12 مارچ 2026 کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، کیونکہ درخواست گزار کے مطابق یہ فیصلہ طبی اور انسانی بنیادوں پر نظرثانی کا متقاضی ہے۔
عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر علاج کے لیے اسلام آباد کے شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم جاری کیا جائے، تاکہ انہیں بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
مزید برآں درخواست میں کہا گیا ہے کہ علاج کے دوران ان کے اہلِ خانہ اور قانونی وکلا کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ ان کی قانونی اور ذاتی ضروریات پوری ہوسکیں۔
یہ درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہونے کی منتظر ہے، جبکہ آئندہ کارروائی کا انحصار عدالت کے ابتدائی احکامات اور طبی رپورٹس پر ہوگا۔