بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں ایک نشے کے عادی نوجوان نے موبائل فون ٹاور پر چڑھ کر انوکھی فرمائش کردی۔ نوجوان نے نیچے اترنے کے بدلے گانجے کا پیکٹ مانگ لیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو اسے بحفاظت نیچے اتارنے کیلئے طویل کوششیں کرنا پڑیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پرکاسم میں پیش آیا جہاں ہنومانتھو نامی نوجوان اچانک موبائل فون کے ٹاور پر چڑھ گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹاور پر چڑھنے کے بعد نوجوان نے زور زور سے چیخنا شروع کردیا تاکہ لوگوں کی توجہ حاصل کرسکے، جس کے بعد بڑی تعداد میں شہری موقع پر جمع ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوان نے بلند ٹاور پر کھڑے ہوکر مطالبہ کیا کہ اسے گانجے کا ایک پیکٹ فراہم کیا جائے، بصورت دیگر وہ نیچے گر جائے گا۔ لوگوں اور اہلکاروں کی جانب سے مسلسل سمجھانے کے باوجود وہ نیچے اترنے سے انکار کرتا رہا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور نوجوان کو بحفاظت نیچے لانے کیلئے کوششیں شروع کردیں۔ کافی دیر تک جاری رہنے والی کوششوں کے بعد اہلکار نوجوان کو ٹاور سے اتارنے میں کامیاب ہوگئے۔
بعد ازاں نوجوان کو طبی معائنے اور علاج کیلئے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ نوجوان یا تو ذہنی و جذباتی دباؤ کا شکار تھا یا پھر نشے کی لت میں مبتلا ہے۔