ایران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے قتل پر 5 کروڑ یورو انعام مقرر کرنے کی مبینہ تجویز سامنے آگئی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ایک نیا بل تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹرمپ اور نیتن یاہو کو قتل کرنے والے فرد یا گروہ کو بھاری انعام دیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق یہ بل تہران پر ہونے والے حملوں کے ردعمل میں پیش کیا جا رہا ہے، جن میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے تھے۔ ایرانی حکام نے ان حملوں کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے رکن محمود نبوین نے بھی کہا ہے کہ پارلیمنٹ جلد اس انعامی تجویز پر ووٹنگ کرے گی۔ دوسری جانب ایران کے حمایت یافتہ میڈیا اور سائبر گروپس بھی ٹرمپ اور نیتن یاہو کے خلاف مہمات چلاتے رہے ہیں۔
گزشتہ برس ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی تو امریکا انتہائی سخت ردعمل دے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نئی پیش رفت خطے کی صورتحال کو مزید خطرناک بنا سکتی ہے۔