امریکا ایران جواب کا منتظر، ڈیل تک کوئی ریلیف نہیں ملے گا، ٹرمپ

image

امریکی صدر نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے جواب کا چند روز مزید انتظار کرے گا اور جب تک کوئی معاہدہ نہیں ہوتا ایران کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو ایران کی جانب سے درست جواب درکار ہے، جبکہ جن ایرانی رہنماؤں سے رابطہ ہے وہ معقول لوگ ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے۔

امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے ساتھ ڈیل نہ ہوئی تو امریکا دوبارہ حملہ بھی کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں عوام شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور وہاں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید پیش رفت دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بھی کھول دیا جائے گا تاہم امریکا کو کسی جلد بازی کی ضرورت نہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ترک صدر سے ٹیلیفون پر اچھی گفتگو ہوئی جبکہ کیوبا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں کے عوام کی مدد کرنا ہوگی۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کی جانب سے نئی تجاویز موصول ہوئی ہیں جن کا ایران جائزہ لے رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایران میں موجود ہیں، جبکہ ایران کے 14 نکات کی بنیاد پر امریکا سے رابطے جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US