سعودی ہیریٹج کمیشن نے القصیم ریجن میں عباسی دور سے تعلق رکھنے والے سونے کے تقریباً ایک سو نایاب زیورات دریافت ہونے کا اعلان کیا ہے۔
کمیشن کے مطابق دریافت ہونے والے نوادرات میں سجاوٹ کے مکمل زیورات شامل ہیں، جنہیں پھولوں کی شکل میں تیار کیا گیا تھا۔ ان زیورات میں سونے کے باریک فریموں کے اندر رنگ برنگے نگینے جڑے گئے ہیں، جبکہ ایک بڑا گول ٹکڑا بھی شامل ہے جس کے وسط میں خاص ترتیب سے قیمتی پتھر نصب کیے گئے ہیں۔
دریافت شدہ زیورات میں مختلف رنگوں کی تسبیحات اور ان کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے سونے سے تیار کردہ نفیس مگر بڑے سائز کے سپیسر بھی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان زیورات کی تیاری میں ہتھوڑے اور ہاتھ سے شکل دینے کی قدیم تکنیک استعمال کی گئی، جبکہ سونے کی پلیٹوں پر نقش و نگار اور نگینوں کی مدد سے خوبصورت آرائش کی گئی ہے۔
یہ نوادرات ضریہ میں آثارِ قدیمہ کے چوتھے سروے اور کھدائی کے منصوبے کے دوران دریافت ہوئے۔
سعودی ہیریٹج کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر جاسر سلیمان الحربش نے کہا کہ ضریہ میں ہونے والی یہ دریافت مملکت کے ثقافتی ورثے کی تاریخی اہمیت اور تنوع کو اجاگر کرتی ہے۔