اٹلی کی حکومت نے غزہ کے لیے امدادی قافلے میں شامل گرفتار افراد کے ساتھ اسرائیلی حکام کے رویے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے سفیر سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر ایتامار بن گویر سے منسوب تصاویر اور مظاہرین کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطالوی شہریوں سمیت دیگر افراد کے ساتھ انسانی وقار کے منافی رویہ کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
جارجیا میلونی نے کہا کہ اطالوی حکومت اپنے شہریوں کی جلد رہائی کے لیے اعلیٰ سطح پر سفارتی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل مظاہرین کے ساتھ کیے گئے سلوک پر معافی مانگے۔