وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں دونوں ممالک اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی سنگِ میل پاک چین تعلقات کی گہرائی، مضبوطی اور روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان باہمی احترام، محبت اور اعتماد کا رشتہ وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوا ہے اور دونوں ممالک کی مثالی دوستی ایک مضبوط ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود پاک چین دوستی مسلسل مضبوط، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کی حامل رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت میں چین نے جدیدیت، اختراع، غربت کے خاتمے اور قومی احیاء کے میدان میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور “ایک چین” کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق چین نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی کے تحفظ اور صنعتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، جدت، خلائی معاونت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں جیسے نئے شعبوں تک وسعت اختیار کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہِ قراقرم سے لے کر خلائی تعاون تک پاک چین دوستی عملی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی روشن مثال ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند رہیں گے اور دونوں ممالک کی “ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری” علاقائی استحکام اور عالمی تعاون کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پاک چین لازوال دوستی آنے والی نسلوں کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی چلی جائے گی۔ “پاک چین دوستی زندہ باد!”۔