وزارتِ پیٹرولیم نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے مطالبے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے اپنی بجٹ تجاویز وزارتِ خزانہ کو ارسال کردی ہیں، جن میں لیوی اہداف پر نظرثانی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم لیوی کا ہدف تقریباً ایک ہزار ارب روپے رکھنے کی تجویز دی ہے، جبکہ رواں مالی سال میں یہ ہدف 1313 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے برعکس آئی ایم ایف نے آئندہ سال کے لیے لیوی ہدف 1727 ارب روپے تک بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 414 ارب روپے زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی میں تقریباً 18 فیصد اضافے کی سفارش بھی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال میں لیوی 100 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم موجودہ نظام کے تحت پیٹرول پر 108 روپے اور ڈیزل پر 52 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے اور اس میں مزید اضافے کے حوالے سے محتاط مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم 50 روپے فی لیٹر تک لیوی کی حد برقرار رکھنے کی خواہاں ہے، جبکہ مجموعی طور پر لیوی ہدف 1730 ارب روپے تک لے جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔