سندھ حکومت نے صوبے کے صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر قانونی اور انتظامی اصلاحات متعارف کرواتے ہوئے وفاق سے منتقل شدہ بڑے طبی اداروں کے انتظام کے لیے نیا قانونی فریم ورک منظور کرلیا ہے۔
سندھ کابینہ کے اجلاس میں "جناح پوسٹ گریجوئیٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (NICH) آپریشن اینڈ مینجمنٹ ایکٹ 2025" کے مسودہ بل کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد سندھ حکومت کو جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ کے انتظامی اختیارات باضابطہ طور پر منتقل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
اجلاس کے دوران کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ این آئی سی وی ڈی (NICVD) پہلے ہی صوبائی قانونی فریم ورک کے تحت کام کر رہا ہے۔
نئے قانون کے تحت جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ کے لیے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کے قواعد و ضوابط طے کردیے گئے ہیں، جبکہ ناقص کارکردگی یا نااہلی کی صورت میں عہدے سے ہٹانے کا باضابطہ طریقہ کار بھی منظور کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کابینہ نے وفاقی وزارتِ صحت کے جوائنٹ سیکریٹری کو ان اداروں کے بورڈ میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔